سونم وانگچک کی اہلیہ سپریم کورٹ سے رجوع،شوہر کی رہائی کا مطالبہ

   

لیہہ : 3 اکٹوبر ( یو این آئی) لداخ کی راجدھانی لیہہ میں 24 ستمبر کو ہونے والے پرتشدد مظاہرے کے معاملے میں گرفتار ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی آنگمو نے جمعہ کو سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرتے ہوئے اپنے شوہر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ آنگمو نے عرضی میں مرکزی وزارت داخلہ پر الزام لگایا ہے کہ اس نے لداخ پولیس کا غلط استعمال کر کے احتجاج کی آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ عرضی کے مطابق، وانگچک کا پاکستان یا غیر ملکی ایجنسیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ الزامات مکمل طور پر جھوٹے ہیں۔وانگچک کو قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے لداخ کے احتجاج کو بھڑکانے میں کردار ادا کیا۔ انسانی حقوق اور ماحولیاتی تنظیموں نے بھی اس گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور وانگچک کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ اور چھٹے شیڈول جیسے آئینی تحفظ کی مانگ کو لے کر لیہ میں پرتشدد مظاہرہ ہوا۔ یہ مظاہرہ شروع میں پرامن تھا لیکن بعد میں پرتشدد ہو گیا اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔