نفرت انگیز تقاریر کا الزام ، کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ میں آج ایک تازہ درخواست داخل کی گئی جس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی، سینئر کانگریس قائد سلمان خورشید اور بی جے پی قائدین انوراگ ٹھاکر اور کپل مشرا پر نفرت انگیز تقاریر کرنے کا الزام عائد کیاگیا ہے۔ درخواست میں مبینہ نفرت انگیز تقاریر کرنے والے قائدین کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور شمال مشرقی دہلی میں گذشتہ ماہ ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران ہوئے املاک کے نقصانات کا تخمینہ کرنے کیلئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے پر زور دیا گیا ہے۔ درخواست گذار دیپک مدن نے نفرت انگیز تقاریر کرنے والے افراد کی املاک کو قرق کرنے اور ان کی فروخت کے ذریعہ فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیاسی قائدین کی مبینہ نفرت انگیز تقاریر نہ صرف اہانت آمیز ہیں بلکہ اشتعال انگیز نوعیت کی بھی ہیں جن کی وجہ سے فسادات پھوٹ پڑے۔اس سے قبل بھی دہلی اسمبلی انتخابات کے موقع پر بی جے پی قائدین کی جانب سے اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر عدالت میں درخواست داخل کی گئی تھی۔
