ای ڈی کی جانب سے ہراساں کرنے پر کانگریس قائدین کی مذمت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : آل انڈیا یوتھ کانگریس انتخابی امور کے انچارج ارشاد احمد ناصر نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انتقامی سیاست پر عمل کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ مقدمہ میں کوئی دھاندلیوں کا ثبوت نہیں ہے ۔ عدالت نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے مقدمہ کو کالعدم قرار دیا ہے ۔ اس کے باوجود مقدمہ کو جاری رکھا گیا ہے ۔ ارشاد احمد ناصر نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بی جے پی خوفزدہ ہے ۔ کانگریس کیڈر کے حوصلے پست کرنے کے لیے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی راشد خان نے ای ڈی کی جانب سے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے زیر قیادت مودی حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے تحقیقاتی ایجنسیوں ای ڈی ، انکم ٹیکس ، سی بی آئی وغیرہ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے ۔ لیکن کانگریس پارٹی ایسے سیاسی حربوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو مزید شدت کے ساتھ عوام میں بے نقاب کرے گی ۔ گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر ارشد شیخ نے کہا کہ گاندھی خاندان نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئی قربانیاں دی ہیں ایسے خاندان کے دو اہم شخصیتوں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے مرکزی حکومت قانون اور دستور کی دھجیاں اڑا رہی ہیں ۔ نیشنل ہیرالڈ کیس کے نام پر کانگریس کے اعلیٰ قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عثمان محمد خاں نے کہا کہ ای ڈی وزیراعظم نریندر مودی کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے بے بنیاد مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں بلا وجہ ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سیاسی انتقام کا جذبہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے حوصلوں کے سامنے چور چور ہوجائے گا اور بی جے پی اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔۔ 2
