سونیا گاندھی کا رائے بریلی کے عوام سے اظہار تشکر

   

نئی دہلی: کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی لیڈر اور رائے بریلی سے پارٹی کی لوک سبھا رکن پارلیمنٹ سونیا گاندھی نے ایک جذباتی خط لکھ کر رائے بریلی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی عمر کی وجہ سے اب وہ علاقے کے لوگوں کی مزید خدمت نہیں کرسکیں گی۔راجستھان سے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے ایک دن بعد سونیاگاندھی نے رائے بریلی کے لوگوں کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ خرابی صحت کی وجہ سے اب الیکشن نہیں لڑ سکیں گی۔ جذباتی خط لکھتے ہوئے انہوں نے عوام سے اہل خانہ کو سنبھالنے کی اپیل بھی کی ہے ۔انہوں نے لکھا کہ دہلی میں میرا خاندان نامکمل ہے ۔ رائے بریلی آکر میرا خاندان مکمل ہو جاتا ہے ۔ میں جو کچھ بھی ہوں رائے بریلی کے لوگوں کی وجہ سے ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ ہمارے خاندان کو سنبھال لیں گے ۔ رائے بریلی سے میرا پرانا رشتہ رہا ہے۔ساس اور جیون ساتھی کو ہمیشہ کیلئے کھوکر میں آپ کے پاس آئی اور آپ نے میرے لئے اپنے آنچل پھیلا دئے ۔ پچھلے دو انتخابات میں نامساعد حالات کے باوجود آپ چٹان کی طرح میرے ساتھ کھڑے رہے ۔