سونیا گاندھی کا ریموٹ کنٹرول نہیں ہوں: کھرگے

   

بی جے پی کے تنظیمی انتخابات اور وزیراعظم مودی کے رویہ پر تنقید
احمدآباد : سینئر کانگریس لیڈر اور پارٹی کے صدارتی انتخابات کے امیدوار ملک ارجن کھرگے نے آج ان الزامات کی واضح تردید کردی کہ وہ سونیا گاندھی کے ریموٹ کنٹرول ہیں،بھلے ہی وہ صدر پارٹی منتخب ہوجائیں۔ سینئر لیڈر نے کہا کہ بی جے پی کے برعکس کانگریس میں ریموٹ کنٹرول جیسی کوئی بات نہیں، جہاں ہر صدر اتفاق رائے کے ذریعہ منتخب کیا جاتا ہے۔ کھرگے پارٹی کے اعلیٰ ترین عہدہ کیلئے انتخابی مہم کے سلسلہ میں شہر کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سب سے قدیم پارٹی کے سربراہ بن جاتے ہیں تو ریموٹ کنٹرول ان ہی کے پاس ہوگا۔ وہ بی جے پی کے اس دعویٰ کے تعلق سے جواب دے رہے تھے کہ وہ منتخب ہوتے ہیں تو ریموٹ کنٹرول بن کر رہیں گے اور سونیا گاندھی کیلئے بالواسطہ کام کریں گے۔ کھرگے نے کہا کہ خود بی جے پی کو انہیں تنظیمی انتخابات اور وزیراعظم نریندر مودی کے ہٹ دھرم رویہ کا جائزہ لینا چاہئے۔ ان کے پاس کہاں صاف و شفاف صدارتی انتخاب ہوتا ہے؟ بی جے پی کا ریموٹ کنٹرول کہاں ہے سب جانتے ہیں۔ بی جے پی میں داخلی سطح پر قائدین اور کارکنوں کو آزادی حاصل نہیں ۔ پارٹی پر گجرات لابی کا کنٹرول ہے۔ موجودہ طور پر اقتدار کے نشہ میں وہ کسی پر بھی تنقید کررہے ہیں اور کوئی بھی قدم اٹھارہے ہیں۔