سی پی پی صدر نشین کی زندگی قربانی اور جدوجہد کی مثال ۔ سابق چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ کا اظہار خیال
جے پور، 10 نومبر (یو این آئی) راجستھان کے سابق چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے کانگریس رہنما سونیا گاندھی کی زندگی کو قربانی اور جدوجہد کی ایسی مثال قرار دیا ہے جو موجودہ ہندوستانی سیاست میں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاست صرف اقتدار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ نظریے اور اصولوں کیلئے قربانی دینے کا نام بھی ہے ۔مسٹر گہلوٹ نے کہا کہ آج محترمہ سونیا گاندھی کی خودنوشت سوانح عمری ‘بیلانگنگ: اے جرنی آف لو منظر عام پر آ گئی ہے ۔ اس میں انہوں نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے کی تفصیل سے وضاحت کی ہے ۔ مسٹر گہلوٹ نے کہا کہ ملک کے عوام، کانگریس پارٹی اور متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) کے تمام رہنما سونیا گاندھی کو جس اعلیٰ ترین عہدے یعنی وزارت عظمیٰ پر دیکھنا چاہتے تھے ، انہوں نے اسے بڑی عاجزی کے ساتھ چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب محترمہ سونیا گاندھی نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑا تھا، اس تاریخی لمحے کے وہ خود گواہ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ’میں خود اس دن پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں موجود تھا، جب یو پی اے کے تمام اراکین پارلیمنٹ چاہتے تھے کہ سونیا گاندھی ملک کی وزیر اعظم بنیں۔ کانگریس و یو پی اے کے تمام رہنماؤں کی بھی یہی خواہش تھی، لیکن انہوں نے اقتدار کے اعلیٰ ترین عہدے سے بالاتر ہوکر پارٹی اور ملک کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دی۔ اس وقت ان کی ترجیح نظریاتی مخالف آر ایس ایس اور بی جے پی کی ملک کو تقسیم کرنے والی سیاست کا مضبوطی سے مقابلہ کرنا تھا۔ یہ فیصلہ ان کی سیاسی شخصیت کی مضبوطی، قربانی اور تنظیم کے تئیں ان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی آر ایس ایس اور بی جے پی کی تقسیم کرنے والی نظریاتی سوچ کے سامنے سب سے بڑا نظریاتی چیلنج بن کر گاندھی خاندان اگلی صف میں کھڑا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گاندھی خاندان کے خلاف ہر طرف سے سازشیں کی گئیں، لیکن اس خاندان نے ہمیشہ انہیں تحمل اور وقار کے ساتھ برداشت کیا ہے ۔ تمام مخالف حالات، ذاتی حملوں اور سیاسی چیلنجوں کے باوجود اس خاندان نے آئین، جمہوری اقدار، سماجی ہم آہنگی اور ملک کے اتحاد کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاست صرف اقتدار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ نظریے اور اصولوں کے لیے قربانی دینے کا نام بھی ہے ۔
سونیا گاندھی نے ہندو جذبات مجروح کئے
کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر معذرت کریں: وشوا ہندو پریشد
نئی دہلی 10 نومبر( ایجنسیز ) وشوا ہندو پریشد نے کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی پر ہندوؤں کے جذبات مجروح کرنے اور خوشامدانہ سیاست کا الزام عائد کرکے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ وی ایچ پی کے مرکزی جوائنٹ جنرل سکریٹری سریندر جین نے یہ مطالبہ سونیا گاندھی کی سوانح عمری کی اشاعت کے موقع پر کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہ مسلم ووٹ بینک کیلئے مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہیں۔سریندر جین نے کہا کہ سونیا گاندھی نے بابری ڈھانچے کے انہدام پر تو آنسو بہائے، لیکن وہ دہلی دھماکوں کے دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید انسپکٹر موہن شرما کی قربانی پر خاموش رہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس قیادت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر فکرمند ہو جاتی ہے، مگر ہندوؤں پر مظالم پر لب کشائی نہیں کرتی۔وی ایچ پی رہنما نے سوال اٹھایا کہ کیا سونیا گاندھی نے وادی کشمیر میں ساڑھے تین سو سے زائد مندروں کے انہدام اور ہندوؤں کے قتل عام پر کبھی افسوس کیا؟ انہوں نے گائے کے تحفظ کی تحریک میں سنتوں کے قتل، کار سیوکوں کی ہلاکتوں اور پہلگام میں ہندو سیاحوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر بھی کانگریس کی خاموشی پر اعتراض کیا۔اس کے علاوہ سریندر جین نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کانگریس لیڈر راشد علوی کے اس بیان پر برہمی ظاہر کی جس میں کہا گیا تھا کہ دیوالی سے آلودگی ہوتی ہے جبکہ عید سے نہیں۔ جین نے الزام لگایا کہ انتخابی فائدے کیلئے ہندو تہواروں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ سریندر جین نے خود کو سیکولر کہلانے والی جماعتوں کو ’سیکولر مافیا‘ قرار دیا اور انتباہ کیا کہ ہندو سماج انہیں سبق سکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ووٹ حاصل کرنے ملک کی سلامتی اور ہندوؤں کے وقار سے کھلواڑ ہونے نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی فوری معافی مانگیں۔