نئی دہلی: مرکز کی جانب سے عام بجٹ پیش کرنے کے بعد سونے کی قیمت میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ قیمتی دھات تقریباً4 ہزار روپے سستی ہو گئی۔ مرکزی وزیرفینانس نرملا ستار امن نے منگل کو عام بجٹ پیش کرتے ہوئے قیمتی معدنیات کی درآمد ڈیوٹی کو 15 فیصد سے کم کر کے چھ فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس کے بعد ہندوستانی بازار میں سونے کی قیمت میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی ہے امکان ہے کہ سونے اور دیگر قیمتی دھاتوں پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی وجہ سے زرد دھات کی اسمگلنگ میں کمی آئے گی۔
سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان
مرکزی بجٹ کے بعد فی تولہ 4 ہزار روپئے کی گراوٹ
حیدرآباد۔/24 جولائی، (سیاست نیوز) مرکزی بجٹ کی پیشکشی کے بعد ملک میں سونے کی قیمت میں گراوٹ کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ سونے کی قیمت میں فی 10 گرام تقریباً 4 ہزار روپئے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے بجٹ میں قیمتی دھاتوں کی درآمد ڈیوٹی کو 15 فیصد سے گھٹا کر 6 فیصد کرنے کا اعلان کیا جس کے نتیجہ میں سونا اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا قوی امکان ہے۔ ہندوستانی مارکٹ میں سونے کی قیمت میں آج کمی دیکھی گئی۔ 22 کیریٹ سونے کی قیمت پیر کے دن فی 10 گرام 71460 روپئے تھی جو منگل کو گھٹ کر 67930 روپئے ہوگئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امپورٹ ڈیوٹی میں کمی کے نتیجہ میں سونا اور چاندی کی قیمت میں مزید گراوٹ درج کی جائے گی۔ اس فیصلہ سے گھریلو مارکٹ میں زیورات کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ چہارشنبہ کے دن سونے کی قیمت فی دس گرام 68751 درج کی گئی۔ سونے کی قیمت میں سال 2024 کے آغاز سے اب تک 15 فیصد کا اضافہ ہوا تھا لیکن مرکزی بجٹ کے بعد عوام کو راحت مل سکتی ہے۔1