ہوسٹن ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹیکساس میں ایک 24 سالہ شخص کو صرف اس لئے 30 دنوں کی سزائے قید اور 1000 ڈالرس کا جرمانہ عائد کیا گیا کہ اس نے والمارٹ سوپرمارکٹ میں آئسکریم کے سیکشن میں پہنچنے کے بعد اپنی پسندیدہ آئسکریم نکال کر اسے اپنی زبان سے چاٹا اور اسے دوبارہ فریزر میں رکھ دیا۔ یہی نہیں بلکہ اس عمل کی ویڈیو بھی تیار کی۔ یہ واقعہ آج کا نہیں بلکہ گذشتہ سال ماہ اگست کا ہے جب اینڈرین انیڈرسن نامی شخص کی آئسکریم چاٹنے والی ویڈیو وائرل ہوگئی اور اس کے بعد صحت اور حفاظت سے متعلق کئی سوالات کئے جانے لگے۔ فیس بک پر اینڈرسن کی ویڈیو کو 157,000 صارفین نے دیکھا۔ بہرحال سوپرمارکٹ میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ اس نے چاٹی ہوئی آئسکریم فریزر سے واپس نکالی اور اسے خرید لیا۔