سوپر اسٹار رجنی کانت ہاسپٹل سے ڈسچارج

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ سوپر اسٹار رجنی کانت کو صحت میں بہتری پر آج اپولو ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا۔ گذشتہ تین دن سے رجنی کانت ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔ بلڈ پریشر میں اُتار چڑھاؤ کی شکایت کے بعد انہیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں ان کے مختلف معائینے کئے گئے۔ ڈاکٹرس نے ان کا کورونا ٹسٹ بھی کیا جو منفی رہا۔ راموجی فلم سٹی میں شوٹنگ کے دوران اُن کے بعض ساتھیوں میں کورونا پازیٹیو پایا گیا بعد میں بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ کی شکایت کے بعد انہیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرس کے مطابق رجنی کانت کی حالت مستحکم ہے اور تمام معائینے نارمل رہے ہیں۔ ڈاکٹرس نے انہیں ایک ہفتہ تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اپولو ہاسپٹل کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ صحت میں بہتری کے نتیجہ میں انہیں ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈسچارج ہونے کے بعد رجنی کانت چینائی کیلئے روانہ ہوگئے۔ اُن کے ہمراہ دختر ایشوریہ بھی چینائی روانہ ہوئیں۔22 ڈسمبر کو شوٹنگ میں مصروف تمام عملے کا کورونا ٹسٹ کیا گیا تھا جن میں 4 کا نتیجہ پازیٹیو آیا۔ رجنی کانت کا بلڈ پریشر نارمل ہوچکا ہے تاہم انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ طبیعت میں خرابی کی اطلاع ملنے کے بعد بڑی تعداد میں ان کے مداح ہاسپٹل کے پاس جمع ہوگئے تھے۔