ہوبارٹ۔ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں دو بارکی سابق چمپئن ویسٹ انڈیزکا مقابلہ آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا اور ان کے ساتھ گروپ بی میں چاروں ٹیمیں ایک ایک جیت کے ساتھ سوپر 12 کے لیے کوالیفائی کرنے کا امکان رکھتی ہیں۔ ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے درمیان جو بھی دو ٹیمیں اپنے میچ جیتیں گی وہ آگے بڑھ جائیں گی لیکن ہوبارٹ میں جمعہ کو ہونے والی بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ، موسم خراب ہونے اور بارش کے میچوں پر بہت زیادہ اثر ڈالنے کا امکان ہے، جس سے نیٹ رن ریٹ کے فرق میں اضافہ ہوگا۔ فی الحال اسکاٹ لینڈ 0.759 کے بہترین نیٹ رن ریٹ کے ساتھ زمبابوے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اگر جمعہ کو ہونے والے دونوں میچ ایک بھی گیند ڈالے بغیر ختم ہو گئے تو اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں سوپر 12 میں پہنچ جائیں گی۔اگر ویسٹ انڈیز بمقابلہ آئرلینڈ کا میچ کھیلا جاتا ہے اور دوسرا میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو اسکاٹ لینڈ کے ساتھ اس میچ کا فاتح اگلے مرحلے میں جگہ بنا لے گا۔اگر اسکاٹ لینڈ بمقابلہ زمبابوے کا میچ کھیلا جاتا ہے اور دوسرا میچ روکنا پڑا تو ویسٹ انڈیز کے ساتھ میچ کی فاتح ٹیم سوپر 12 میں پہنچ جائے گی۔