سوڈان میں ایمرجنسی ختم کرنے کا اعلان :فوجی سربراہ

   

خرطوم :سوڈان کی حکمراں خود مختار کونسل کا کہنا ہیکہ فوجی سربراہ نے گزشتہ برس کی فوجی بغاوت کے بعد سے نافذ ایمرجنسی کو ختم کر دیا ہے۔ ادھر ہفتے کوسکیورٹی فورسز پر دو مزید مظاہرین کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔سوڈان میں اتوار کوہنگامی حالت کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، جسے گزشتہ برس اکتوبر میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے نافذ کیا گیا تھا۔عبوری خود مختار کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس حوالے سے فوجی سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے تاکہ ایک نتیجہ خیز اور بامعنی بات چیت کیلئے ایسا ماحول تیار کیا جائے، جس سے عبوری دور میں سویلین حکمرانی کیلئے استحکام حاصل کیا جا سکے۔ایمرجنسی ختم کرنے کا یہ فیصلہ اعلیٰ فوجی حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد سامنے آیا، جس میں سفارش کی گئی ہے کہ ہنگامی قانون کے تحت حراست میں لیے گئے لوگوں کو بھی رہا کیا جائے۔