نیویارک : سوڈان سے متعلق اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی رابطہ کار کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موسم قریب آتے ہی باشندوں کو قحط کا شدید خطرہ لاحق ہے۔ فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان تشدد کے سبب امداد پہنچانے کا کام مشکل ہو گیا ہے۔ سوڈان سے متعلق اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی رابطہ کار کلیمینٹائن نکویتا سلامی نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ سوڈان میں لوگ وحشیانہ تشدد کی آگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”لاپرواہی کے ساتھ خوفناک قسم کے مظالم عام ہوتے جا رہے ہیں۔ جنسی تشدد، ٹارچر اور نسلی طور پر محرک تشدد کی رپورٹیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے بارشوں کے موسم اور امداد کی بندش کی وجہ سے 40 لاکھ سے زائد افراد کو قحط کا شدید خطرہ لاحق ہے۔