خرطوم : سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جو کہ 3 روزہ جنگ بندی کے دوران بھی مختلف مقامات پر جاری رہیں۔سوڈانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے رہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فریقین کے سنجیدگی سے بات چیت کے لیے تیار ہونے کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔خبر کے مطابق، سوڈان سے مختلف ممالک کی جانب سے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 50 سے زائد ممالک کے 1700 شہریوں کو لے کر بحری جہاز سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔سوڈان میں 15 اپریل سے جاری پْرتشدد کشیدگی میں اب تک 460 افراد ہلاک اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
رشی سوناک کا پروٹوکول دیکھ کر شہری برہم
لندن : لندن میں درجنوں پولیس اہلکاروں کی برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کے گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ دوڑنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔وائٹ ہال سے پارلیمنٹ کی طرف جانے والے راستے پر وزیراعظم کے قافلے کو پا پیادہ پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی فراہم کی۔قافلے میں سب سے آگے سائیکلوں پر موجود پولیس اہلکار راستہ صاف کرواتے نظر آئے۔اس تمام پروٹوکول کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور برطانوی عوام برہمی کے عالم میں اپنے وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔