سٹلائیٹ کے کامیاب تجربہ پر چیف منسٹر کے سی آر کا اظہارمسرت

   


تلنگانہ اسٹارٹ اپ کمپنیوںکا ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ، دھروا اسٹارٹ اپ کو مبارکباد ی
حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے پی ایس ایل پی سی 54 کے کامیابی سے خلاء میں داغنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دھروا اسٹارٹ اپ کو مبارکباد دی ہے۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے آج ہفتہ کو پی ایس ایل وی راکٹ کو صبح 11:56 بجے کامیابی سے لانچ کیا ہے۔ اس تجربہ کی کامیابی پر چیف منسٹر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خانگی شعبہ کی جانب سے سٹیلائٹ لانچنگ کی تاریخ میں ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ وکرم ایس سٹیلائٹ کی کامیابی کے ساتھ تلنگانہ اسٹارٹ اپ کمپنی نے ملک میں سٹیلائٹ لانچ کرنے کے معاملے میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہاکہ حیدرآباد کی اسٹارٹ اپ کمپنیوں نے ہندوستانی خلائی شعبہ میں دروازے کھولے ہیں اور وکرم ایس تھیولڈ۔1 اور تھیولڈ۔2 کے تجربات نے عالمی خلائی معیشت میں ایک اچھی شروعات کی ہے۔ ان دونوں سٹیلائٹ کی کامیابی سے لانچ ہونے پر تلنگانہ کی شان اور عظمت میں زبردست اضافہ ہوگیا جس پر انہیں فخر ہے۔ سٹیلائٹ کو کامیابی سے خلاء میں روانہ کرنے کے بعد حیدرآباد کے وقار میں دو گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے امید ظاہر کی ہیکہ ٹی ہب مستقبل میں ہنر، صنعت اور سائنس و ٹکنالوجی کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے والوں کی مزید حوصلہ افزائی کرے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ کامیابیوں کی شروعات ہے۔ اسکائی روٹ اور دھروا خلائی اسٹاٹ اپس کے نمائندوں کو مبارکباد پیش کی اور تلنگانہ کے نوجوانوں کو قومی ترقی کیلئے اپنی ذہانت کا بھرپور استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ اختراعی کام کرنے والوں کی حکومت ہمیشہ مدد کرے گی تاکہ نوجوان ساری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکے اور ملک کا نام روشن کرسکے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سائنس و ٹکنالوجی کے شعبوں میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے والے وزیر کے ٹی آر ٹی ہب کے علاوہ دوسرے عہدیداروں کو بھی مبارکباد پیش کی۔ن