سٹ ون ہیڈ آفس کو پرانی حویلی سے نئے شہر منتقل کرنے کی سازش

   

46 سال سے خدمات انجام دینے والے ادارہ کی شناخت مٹانے کی کوشش
حیدرآباد : /4 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ بالخصوص پرانا شہر حیدرآباد میں ایک ایسا ادارہ ہے جو نوجوان لڑکے لڑکیوں کو مختلف فنون کا ماہر بناکر نہ صرف انہیں اندرون و بیرون ملک پرکشش روزگار حاصل کرنے میں مدد کررہا ہے بلکہ ہزاروں کی تعداد میں ایسے لڑکے لڑکیاں ہیں جو خود اپنا کاروبار شروع کرچکے ہیں ۔ ہم بات کررہے ہیں SETWIN کی ۔ سٹ ون تقریباً 46 برسوں سے نوجوانوں کیلئے مختلف کورسس فراہم کررہا ہے جس میں 17 قسم کے کمپیوٹر کورسس ، خواتین کیلئے 11 خصوصی کورسس ، 7 تعلیمی کورسس ، 14 ٹکنیکی کورسس ، ہوٹل مینجمنٹ سے جڑے 11 کورسس و تعمیری شعبہ سے متعلق 6 کورسس کے ساتھ ایک اور کورس جملہ 67 کورسس چلاکر نوجوان نسل کی بہتر خدمت کررہا ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ سٹ ون کا ہیڈ آفس پرانی حویلی میں کام کرتا ہے اور حیدرآباد و سکندرآباد کے ساتھ اضلاع میں اس کی زائد از جو 30 شاخیں کام کرتی ہیں وہ پرانی حویلی ہیڈ آفس سے رابطے میں رہتی ہیں اور وہیں سے انتظامات چلائے جاتے ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت اس آفس کو پرانی حویلی سے سکندرآباد منتقل کیا جارہا ہے اوراس کیلئے ایک لابی کام کررہی ہے ۔ سٹ ون کی شاخیں یا برانچس پرانی حویلی ، موتی گلی خلوت ، اے سی گارڈ ، عنبر نگر ، ایسٹ ماریڈ پلی ، عیدی بازار ، ایرا گڈہ ، نمائش میدان ، میرعالم ٹینک ، مشیرآباد ، این بی ٹی نگر ، پیرزادی گوڑہ ، رنمست پورہ ، ریاست نگر ، ودیا نگر ، یوسف گوڑہ ، سیتاپھل منڈی ، نریڈمٹ ، چیتنیا پور ی ، منگل ہاٹ ، جڑچرلہ ، بڈاوپل ، ظہیرآباد ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، حسن آباد ، سدی پیٹ ، کاماریڈی ، گجویل اور ڈچپلی میں غیرمعمولی خدمات انجام دے رہی ہیں اور تمام برانچس کا تعلق پرانی حویلی ہیڈآفس سے رہتا ہے ایسے میں سٹ ون کے قیام سے ہی پرانی حویلی میں کام کرنے والی ہیڈآفس کو کسی دوسرے مقام منتقل کرنے کا منصوبہ بنانا پرانا شہر سے ناانصافی کے مترادف ہوگا ۔ امید کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اس جانب توجہ دیں گے ۔ r/y