سپاہی سائی تیجا کے خاندان کیلئے 50 لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان

   

امراوتی 11 ڈسمبر ( این ایس ایس ) حکومت آندھرا پردیش نے ہیلی کاپٹر حادثہ میں فوت سپاہی سائی تیجا کے افراد خاندان کیلئے 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ لانس نائک سائی تیجا چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے دفتر کے ٹوئیٹر پر ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا ۔ سائی تیجا چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے شخصی سکیوریٹی آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ علاوہ ازیں سائی تیجا کی نعش کی شناخت کا کام بھی ڈیفنس حکام نے مکمل کرلیا ہے ۔ سائی تیجا کی نعش کو نئی دہلی سے انکے آبائی مقام چتور کو منتقل کیا جائیگا ۔ حکام نے تمام تر سرکاری اعزازات کے ساتھ سائی تیجا کی آخری رسومات کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں۔