حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے فائبرنیٹ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت آج پھر ایک مرتبہ ملتوی ہوگئی۔ جسٹس انیرودھ بوس اور جسٹس بی ایم ترویدی پر مشتمل بنچ پر درخواست کی سماعت ہوئی لیکن اس مرحلہ پر آندھرا پردیش حکومت کے وکیل نے چیف جسٹس کے اجلاس پر چندرا بابو نائیڈو کی درخواستوں کی سماعتوں کا حوالہ دیا۔ جسٹس انیرودھ بوس نے بتایا کہ آج بنچ مقدمات کی سماعت نہیں کررہا ہے لہذا چندرا بابو نائیڈو کی درخواست کی آئندہ کسی تاریخ میں سماعت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اسکل ڈیولپمنٹ کیس میں سی بی سی آئی ڈی کی جانب سے گرفتاری کے معاملہ میں قانون کی خلاف ورزی سے متعلق چندرا بابو نائیڈو کی درخواست دو ججس کے اختلافی فیصلہ کے بعد چیف جسٹس کی بنچ سے رجوع کی گئی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کا استدلال ہے کہ انسداد رشوت ستانی قانون کی دفعہ 17A کے تحت گرفتاری سے قبل گورنر کی اجازت ضروری ہے۔ سپریم کورٹ کے دو ججس نے کل اختلافی فیصلہ سنایا جس کے نتیجہ میں نائیڈو کو کوئی راحت نہیں ملی۔ اس معاملہ کو چیف جسٹس سے رجوع کردیا گیا ہے جو سہ رکنی بنچ تشکیل دیں گے۔1