سپریم کورٹ نے راہول کا جھوٹ فاش کردیا : بی جے پی

   

نئی دہلی 15 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج ادعا کیا کہ سپریم کورٹ نے رافیل معاملت پر کانگریس صدرراہول گاندھی کے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا ہے ۔ پارٹی نے دعوی کیا کہ عوام چاہتے ہیں کہ راہول گاندھی وزیر اعظم نریندر مودی کو بدنام کرنے پر معذرت خواہی کریں۔ مرکزی وزیر و بی جے پی لیڈر پرکاش جاوڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس نے کانگریس صدر راہول گاندھی کے دعووں کے مطابق حکومت کے خلاف کوئی ریمارک نہیں کئے ہیں۔ سپریم کورٹ میں کانگریس صدر راہول گاندھی کے خلاف دائر کردہ ازالہ حیثیت عرفی کی درخواست کی سماعت ہو رہی تھی ۔ راہول گاندھی نے یہ دعوی کیا تھا کہ سپریم کورٹ نے یہ قبول کرلیا ہے کہ رافیل جیٹ طیاروں کی معاملت میں کرپشن ہوا ہے اور مودی حکومت نے صنعتکار انیل امبانی کو 30,000 کروڑ روپئے کا فائدہ پہونچایا ہے ۔ جاوڈیکر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے راہول گاندھی کے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا ہے ۔ وہ روزآنہ غلط بیانی کر رہے تھے ۔