نئی دہلی: تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور ریاستی حکومتوں کو 2020 کے حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خبردار کیا ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت، ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس حکم کی تعمیل کے بارے میں 29 مارچ تک اسٹیٹس رپورٹ داخل کریں۔ سپریم کورٹ میں یہ حکم اسی معاملے میں سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ ڈیو کی رپورٹ پر آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اب بھی ملک بھر کے بیشتر پولیس اسٹیشنوں اور مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے دفاتر میں مناسب سی سی ٹی وی کیمرے نہیں ہیں۔ جو کیمرے نصب ہیں وہ یا تو کام نہیں کر رہے یا انتہائی ناقص معیار کے ہیں۔ کئی میں دھندلے بصری بھی آ رہے ہیں اور کچھ میں کوئی آڈیو ریکارڈنگ نہیں ہے۔