نئی دہلی، 19 جون (یو این آئی) سپریم کورٹ نے کرناٹک حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ کمل ہاسن کی فلم ’ٹھگ لائف‘ کی نمائش کے معاملے میں دھمکی دینے یا تشدد کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے ۔ جسٹس اجول بھوئیان اور جسٹس منموہن کی تعطیلی بنچ نے جمعرات کے روز متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد یہ ہدایت دی۔ بنچ نے کرناٹک حکومت کو ہدایت دی کہ اگر یہ فلم ریاست میں ریلیز کی جاتی ہے اور اس کے حوالے سے تشدد یا کسی قسم کی دھمکی ملتی ہے تو متعلقہ شخص یا گروہ کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ بنچ نے ریاستی حکومت کے وکیل ڈی ایل چدانند کا بیان ریکارڈ کیا کہ وہ تمام متعلقہ فریقوں کو سکیورٹی فراہم کریں گے ، جس سے ریاست میں فلم کی نمائش کا راستہ صاف ہو گا۔ ریاستی حکومت کی طرف سے داخل کردہ حلف نامہ کو دیکھنے کے بعد بنچ نے کہا کہ ریاست نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس نے فلم پر کوئی پابندی نہیں لگائی ہے اور اگر فلم ریلیز ہوتی ہے تو ریاستی حکومت مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی۔