نئی دہلی، 23 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے بدھ کے روز مختلف میڈیکل کورسز میں داخلے کے لیے ہونے والے قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ (نیٹ-یوجی) 2025 کی کونسلنگ پر روک لگانے سے انکار کردیا۔ جسٹس پی ایس نرسمہا اور اے ایس چندورکر پر مشتمل بنچ نے مدھیہ پردیش کے کچھ مراکز میں بجلی کی بندش کی وجہ سے متاثر ہونے والٹے نیٹ-یوجی 2025 کے امیدواروں کی طرف سے دائر دو درخواستوں پر عبوری راحت دینے سے انکار کر دیا ۔ متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد بنچ نے کہا کہ وہ جمعہ کے روز درخواستوں کی سماعت کرے گی۔ سماعت کے دوران، دوبارہ امتحان منعقد کرانے کی درخواست پر، بنچ نے کہا کہ ہم اس پر غور کریں گے لیکن کونسلنگ کو روکا نہیں جا سکتا ہے ۔ ہزاروں لوگ متاثر ہوں گے ۔ ہم جمعہ کے روز اس پر غور کریں گے ، ہم دیکھیں گے کہ آپ کے لیے کیا بہتر ہو سکتا ہے ۔ ہم جمعہ کے روز تمام معاملوں کو درج فہرست کریں گے ۔ واضح ر ہے کہ میڈیکل کورسوں میں داخلے کے لیے کونسلنگ کی کارروائی 21 جولائی سے شروع ہوگئی ہے ، جو ستمبر کے آخری ہفتے تک جاری رہنے کی امید ہے ۔