ممبئی ۔7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کرکٹ کا دیوتا کہے جانے والے سچن تندولکر نے اپنے کیریئر کے دوران دنیا کے سب سے بہترین بولروں کا سامنا کیا ہے۔ یہ بھی وجہ ہے کہ انہیں عظیم بیٹسمین مانا جاتا ہے۔ ویسے تو سچن نے تقریبا ہر بولر کی جم کر پٹائی کی لیکن کچھ ایسے بولرز بھی ہیں ، جن کے ساتھ ان کی مقابلہ آرائی الگ ہی سطح پر تھی۔ ایسے بولروں میں پاکستان کے فاسٹ بولر شعیب اختر اور آسٹریلیا کے گلین میک گرا شامل تھے۔ دراصل آسٹریلیائی کرکٹر براڈ ہاگ نے ٹویٹر پر مداحوں کے ساتھ سوال جواب کا سیشن رکھا تھا۔ ہاگ سے پوچھا گیا کہ شعیب اور میک گرا میں سے وہ سچن کے خلاف کس کی مقابلہ آرائی کو دیکھنا پسند کرتے تھے تو براڈ ہاگ نے جواب دیا کہ سچن کے خلاف میک گرا مسلسل جارحانہ انداز میں جنگ جیتنے کی کوشش کرتے تھے جبکہ شعیب اختر اپنی رفتار سے انہیں مات دینے کی کوشش کرتے تھے۔ شعیب اختر اور سچن کی مقابلہ آرائی زیادہ چیلنجنگ اس لئے بھی تھی ، کیونکہ وہ صرف ان کے درمیان ہی نہیں بلکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بھی روایتی ٹکراو تھا ، اس لئے وہ مجھے زیادہ پسند آتی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ شعیب اختر کہہ چکے ہیں کہ وہ سچن کو دنیا کا عظیم بیٹسمین مانتے ہیں اور اب ان کے خلاف بولنگ نہیں کرنا چاہتے۔ اختر نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ ہندوستان کے خلاف 2003 ورلڈ کپ کا مقابلہ ان کے کیریئر کا سب سے خراب مقابلہ تھا۔ اس میچ میں تیندولکر نے98 رنوںکی شاندار اننگز کھیلی گئی۔ سچن نے سال 2013 میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا حالانکہ اس کے بعد وہ 2015 میں آل اسٹار میچ کھیلنے کیلئے اترے تھے۔ اس میچ میں شعیب اختر ان کی ٹیم میں تھے۔