سچن تنڈولکر اب الیکشن کمیشن کیلئے بیٹنگ کریں گے

   

نئی دہلی: ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے چہارشنبہ کو الیکشن کمیشن کے ’نیشنل آئیکون‘کے طور پر ووٹروں کو واقف اور بیدار کرنے کیلئے نئی اننگز کا آغاز کیا۔الیکشن کمیشن نے لیجنڈری کرکٹر اور بھارت رتن تنڈولکر کے ساتھ تین سالہ معاہدہ پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر انوپ چندرا اور ارون گوئل موجود تھے ۔یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں تنڈولکر نے کہا کہ ہندوستان جیسی متحرک جمہوریت میں نوجوانوں کی آبادی قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیمز میں ہندوستانی ٹیم کیلئے جو دل ’انڈیا انڈیا‘کے نعرے سے دھڑکتے ہیں، وہ بھی ہماری قیمتی جمہوریت کو آگے لے جانے کیلئے اسی طرح دھڑکیں گے۔ سچن نے کہا کہ اسٹیڈیمس کے ہجوم سے لیکر پولنگ بوتھ پر بھیڑ جمع کرنے تک قومی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہونے سے لے کر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے وقت نکالنے تک ہم جوش اور جذبے کو برقرار رکھیں گے ۔ جب ملک کے کونے کونے سے نوجوان انتخابی جمہوریت میں بڑی تعداد میں حصہ لیں گے تو ہم اپنے ملک کا ایک خوشحال مستقبل دیکھیں گے ۔