سڈنی ٹسٹ میں ہندوستان کو شکست، سیریز آسٹریلیا کے نام

   

سڈنی : ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر۔گواسکر ٹرافی کا آخری میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستانی ٹیم کے خلاف بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم یہ سیریز 1-3 سے ہارگئی حالانکہ ٹیم انڈیا نے 5 میچوں کی سیریز کی شروعات کامیابی کے ساتھ کی تھی لیکن اس کے بعد ہندوستانی ٹیم ایک بھی میچ نہیں جیت سکی جس کی وجہ سے اسے سیریز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور آسٹریلیا کا طویل انتظار ختم ہوگیا۔ یہ شکست ٹیم انڈیا کے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔ دراصل، ہندوستانی ٹیم10سال بعد بارڈر۔گواسکر ٹرافی ہارگئی ہے۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیاکو 2014-15 بارڈر۔گوسکر ٹرافی میں شکست ہوئی تھی، جب آسٹریلیا نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 4 سیریزکھیلی گئیں اور ہر بار ٹیم انڈیا کامیاب ہوئی ، جس میں سے اس نے آسٹریلیا کو اسی کے ہی گھر میں دو بار شکست دی لیکن اس بار ہندوستانی ٹیم اس کارنامے کو دہرانے میں کامیاب نہ ہوسکی جس کی وجہ سے آسٹریلیا نے ایک دہائی کے بعد بارڈر ۔گواسکر ٹرافی جیت لی۔ سڈنی ٹسٹ میں ٹیم انڈیا کی کمان جسپریت بمراہ کے ہاتھ میں تھی۔ انہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ہندوستانی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام رہی۔ ٹیم انڈیا اپنی پہلی اننگز میں صرف 185 رنز بنا سکی۔ اس اننگز میں رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی اور بیٹر زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹھہر سکا۔ اس اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولانڈ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک بھی 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ جواب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز بھی کچھ خاص نہیں تھی، وہ صرف 181 رنز پر سمٹ گئی۔ پرسد کرشنا اور محمد سراج نے فی کس3 وکٹیں لے کر ٹیم کو مقابلے میں واپسی کا موقع فراہم کیا جبکہ جسپریت بمراہ اور نتیش ریڈی نے بھی فی کس2 کامیابیاں حاصل کیں۔ دوسری جانب پہلا مقابلہ کھیلنے والے آل راؤنڈر بیو ویبسٹر نے اس اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے۔ ہندوستانی بولروں نے پہلی اننگز میں عمدہ بولنگ کی جس کی وجہ سے ٹیم کو4 رنز کی برتری حاصل ہوئی لیکن ہندوستانی بیٹنگ دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوئی۔ اس بار بھی صرف رشبھ پنت کے بلے نے کام کیا۔ رشبھ پنت نے 33 گیندوں میں 61 رنز کی تیز اننگز کھیلی لیکن اس کے بعد بھی ہندوستانی ٹیم صرف 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی اور آسٹریلیا کو 162 رنز کا ہدف دیا۔ آسٹریلیا کو یہ ہدف حاصل کرنے میں ابتدائی مرحلے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامناکرنا پڑا لیکن کھیل کے اختتام پر وہ آسانی کامیاب رہا ۔آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ نشانہ حاصل کرلیا اور ٹیم کی کامیابی میں ٹرویوس ہیڈ نے 34 اور ویبسٹر نے تیز رفتار 39 رنز بناکر کامیابی پر اپنی ٹیم کی مہر ثبت کی ۔