سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول ایس ایس سی طالب علم ہلاک

   

حیدرآباد /2 مئی ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔ کاچی گوڑہ پولیس کے مطابق 15 سالہ گوکل جو ایس ایس سی کا طالب علم تھا حسینی علم علاقہ کے ساکن شخص کے دنیش کا بیٹا تھا ۔ یہ لڑکا کل رات اس کے ساتھی بھرت کے ہمراہ موٹر سائیکل پر کاچی گوڑہ علاقہ سے گذر رہا تھا کہ نمولی اڈہ علاقہ میں خوفناک حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں گوکل جی ایچ ایم سی کی کچرہ منتقل کرنے والی ٹپر کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا اور اس کا ساتھی زخمی بتایا گیا ہے ۔ کیسرا پولیس کے مطابق 19 سالہ پروین جو کیسرا علاقہ کے ساکن سرینو کا بیٹا تھا ۔ طالب علم بتایا گیاہے ۔ پروین گذشتہ ہفتہ موٹر سائکل پر ساتھی کے ہمراہ جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں زیر علاج پروین کل رات فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 48 سالہ شخص ملکارجن جو پیشہ سے مزدور تھا ملکاپور بیدر کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص طوفان گاڑی میں بیدر سے ضیاء گوڑہ علاقہ آرہا تھا ۔ آوٹر رنگ روڈ کے قریب گاڑی کا ٹائر پھٹنے سے حادثہ کا شکار ہوگئی اور اس حادثہ میں ملکارجن ہلاک و دیگر زخمی ہونے کی اطلاعات پائی جاتی ہے ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق 48 سالہ شخص رمیش گوڑ جو پیشہ سے مزدور تھا اپل بس ڈپو کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل رات ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر گوڑ فوت ہوگیا ۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 52 سالہ شخص بکشاپتی ریڈی جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ آر این ریڈی نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ گذشتہ ماہ ایک سڑک حادثہ میں یہ شخص زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔