سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک

   

حیدرآباد۔ 17 مئی (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ مادھاپور کے علاقہ میں ایک تیز رفتار بے قابو کار کی زد میں آکر دودھ فروش ہلاک ہوگیا۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 35 سالہ سرینواس جو میگھا ہلز علاقہ کا ساکن تھا مادھاپور کے علاقہ میں ہر دن دودھ اپنے آٹو میں لوڈ کرتا تھا اس کے ساتھ اس کاروبار میں اس کا بھائی سوریہ نارائنا بھی اس کے ساتھ رہتا تھا۔ سرینواس کے علاوہ راگھوایا بھی اپنے آٹو میں دودھ کے پیاکٹس لوڈ کررہا تھا کہ اس دوران ایک تیز رفتار بے قابو کار نے انہیں ٹکر دے دی اور فٹ پاتھ پر برقی پول سے ٹکرا کر رک گئی۔ کار چلانے والے کی شناخت راجیش کی حیثیت سے کرلی گئی۔ اس حادثہ میں شدید زخمی سرینواس اور راگھوایا کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران سرینواس فوت ہوگیا۔ سکریٹریٹ پولیس کے مطابق کارتک نامی ایک نوجوان اپنی موٹر سائیکل پر سکریٹریٹ حدود سے گذررہا تھا کہ رانی گنج سے آنے والی ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ گچی باؤلی پولیس کے مطابق 25 سالہ نکھل تیجا جو پیشہ سے آئی ٹی ملازم تھا پی جی ہاسٹل گولی دوڈی علاقہ میں رہتا تھا۔ نکھل اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگئی اور نکھل فوت ہوگیا۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 46 سالہ شخص ویریا جو پیشہ سے چوکیدار تھا آٹو سائی نگر علاقہ میں رہتا تھا۔ کل یہ شخص بیٹی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا، ایک دوکان سے خریداری کے لئے بیٹی موٹر سائیکل سے اتر گئی ویریا اکیلا سڑک کنارے کھڑا تھا کہ اس دوران ایک تیز رفتار ٹریکٹر نے ویریا کو ٹکر دے دی اس حادثہ میں زخمی ویریا فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع