حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول ایک پولیس کانسٹیبل اور ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 67 سالہ شخص نریندر جو پیشہ سے ای سی آئی ایل کا ریٹائرڈ ملازم تھا ۔ اے ایس راؤ نگر کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص کل مہدی پٹنم علاقہ سے بس میں سوار ہوا اور تلگو تلی فلائی اوور پہونچا اور بس سے اتر کر سڑک پہونچ رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں فوت ہوگیا ۔ سرور نگر پولیس کے مطابق 21 سالہ سومالتا جو جے پوری کالونی علاقہ کے ساکن ملیش یادو کی بیٹی تھی ۔یہ لڑکی پیشہ سے خانگی ملازم تھی ۔ کل یہ لڑکی ڈیوٹی سے واپسی کے دوران پیش آئے سرک حادثہ میں زخمی ہوگئی تھی ۔ ایک بلٹ گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق 41 سالہ نرسمہا جو پیشہ سے کسان تھا ۔ نارائن گیری ویلیج کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر حمایت ساگر سے واپس ہو رہا تھا کہ قومی شاہراہ نمبر 65 پر لاری کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔ ترملگیری پولیس کے مطابق 70 سالہ راملو جو کل پیدل جارہا تھا کہ ترملگیری کے علاقہ میں پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ اپل کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 34 سالہ ایس رویندر ہلاک ہوگیا ۔ یہ شخص حیات نگر پرگتی نگر علاقہ کا ساکن تھا جو انٹلی جنس ونگ کا کانسٹیبل بتایا گیا ہے ۔ اپل سے ایل بی نگر کی جانب موٹر سائیکل سواری کے دوران پیش آئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے یہ شخص ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔