سڑک حادثات میں 2 افراد ہلاک 9 زخمی

   


حیدرآباد /26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سائبر آباد کے گچی باؤلی بنجارہ ہلز حدود میں آئے خوفناک سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک اور تقریباً 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ جن میں تین کی حالت تشویش ناک ہے ۔ گچی باؤلی میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تیز رفتار ٹپر نے دہشت مچادی ۔ ٹپر کی ٹکر سے 4 کاریں دو موٹر سائیکل تباہ ہوگئے ۔ تیز رفتار ٹپر نے سگنل پر گاڑیوں کو روند دیا ۔ اس حادثہ میں فوڈ ڈیلوری بوائے نصیرالدین برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ عبداللہ نامی نوجوان کے پیر ٹوٹ گئے ۔ حادثہ میں 6 افراد معمولی زخمی ہوگئے جبکہ تین کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے ۔ گچی باؤلی چوراہے پر رات دیر گئے اس حادثہ کے سبب ٹریفک جام ہوگیا ۔ پولیس کی بھاری جمعیت مقام پر پہونچی اور راحت کاری کے اقدامات کئے ۔ ٹپر کی رفتار سے گاڑیاں ایک دوسرے سے چپک گئیں تھیں ۔ پولیس نے بڑی مشقت کے بعد زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا اور گاڑیاں راستہ سے ہٹاکر ٹریفک بحال کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹپر کا بریک فیل ہونے سے حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں فوڈ ڈیلوری بوائے نصیرالدین کی ہلاکت کی اطلاع پر فوڈ ڈیلوری سے وابستہ افراد جمع ہوگئے اور احتجاج کیا ۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ پولیس معمول خلاف ورزی پر جرمانہ کرتی ہے لیکن ان ٹپر گاڑیوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ۔ ٹپر کو فٹنس سرٹیفکٹ دینے والے آر ٹی اے عہدیداروں اور پولیس کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا اور سخت کارروائی پر زور دیا ۔ بنجارہ ہلز میں ایک شخص کو لاری نے روند دیا ۔ اس کی شناخت نہیں ہوئی ہے جو لاری کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ بنجارہ ہلز پولیس نے فوری لاری ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ۔ع

اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع