سکریٹریٹ میں وزیٹرس کے داخلہ پر پابندی

   

کورونا کیسوں میں اضافہ پر چیف سکریٹری کا اقدام
حیدرآباد: تلنگانہ سکریٹریٹ میں کورونا کیسوں میں اضافہ کے بعد وزیٹرس کے داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج احکام جاری کئے ۔ سومیش کمار گزشتہ ہفتے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور صحتیابی کے بعد دوبارہ کام پر رجوع ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری نے سرکاری دفاتر کو کورونا سے محفوظ رکھنے وزیٹرس کے داخلہ پر روک لگادی ۔ سکریٹریٹ میں عارضی پاسیس کی اجرائی روک دی گئی اور پہلے جاری تمام عارضی پاس منسوخ کردیئے گئے ۔ متعلقہ عہدیداروں سے اجازت کے بعد ہی کسی کو داخلہ پاس دیا جائیگا ۔ چیف سکریٹری نے ملازمین کی تھرمل اسکریننگ اور سینیٹائزیشن کی ہدایت دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کے 50 سے زائد ملازمین کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ملازمین دو دن میں ایک مرتبہ ڈیوٹی کی اجازت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ملازمین کی اسوسی ایشن نے اس پر چیف سکریٹری سے نمائندگی کی ۔ ان کا کہنا ہے کہ دفاتر میں جگہ کی قلت کے باعث ملازمین سماجی فاصلہ کی برقراری سے قاصر ہیں ، لہذا دو دن میں ایک دن گھر سے کام کی اجازت دی جائے ۔ حکومت ایسی کوئی تجویز نہیں رکھتی ، لہذا سکریٹریٹ میں وزیٹرس کے داخلہ پر پابندی عائد کرکے ملازمین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔