25 اگسٹ کو چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح، 1600 گز اراضی پر مساجد کی تعمیر
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کے افتتاح کی تاریخ جیسے جیسے قریب آرہی ہے تعمیری کاموں میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔ مسجد دفاتر معتمدی اور مسجد ہاشمی کے تعمیری کام اختتامی مراحل میں ہیں اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 25 اگسٹ کو ایک ہی دن میں مسجد، مندر اور چرچ کا افتتاح انجام دیں گے۔ نئے سکریٹریٹ کی تعمیرکیلئے انہدامی کارروائی کے دوران دونوں مساجد اور مندر کو منہدم کردیا گیا تھا اور چیف منسٹر کے سی آر نے دونوں مساجد اور مندر کے علاوہ چرچ کی تعمیر کا اعلان کیا۔ مساجد اور مندر اگرچہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں تھے لیکن انہیں نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کے بعد احاطہ کے باہر رکھا گیا ہے۔ حکومت اگرچہ مساجد کے مقام کی تبدیلی کے بارے میں خاموش ہے لیکن تعمیری کاموں میں مصروف عہدیداروں نے توثیق کی کہ مساجد کا حقیقی مقام تبدیل ہوچکا ہے۔ حکومت نے 1600 گز اراضی مساجد کیلئے مختص کی ہے۔ مسجد دفاتر معتمدی کے بیرونی کام مکمل ہوچکے ہیں اور مینار کی خوبصورتی کا کام جاری ہے۔ اندرونی حصہ میں فلورنگ اور کلرنگ کا کام آخری مراحل میں ہے۔ اندرونی حصہ میں خوبصورت جھومر لگائے جائیں گے۔ مساجد کی تعمیر کیلئے 3 کروڑ 80 لاکھ کا تخمینہ کیا گیا تھا لیکن مصارف میں اضافہ کا امکان ہے۔ مسجد دفاتر معتمدی میں مصلیوں کی گنجائش 250 تک ہے جبکہ مسجد ہاشمی میں 20 مصلی بیک وقت نماز ادا کرسکتے ہیں۔ محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداروں نے بتایا کہ 20 اگسٹ تک مساجد مکمل طور پر تیار ہوجائیں گی۔ اسی دوران مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے دونوں مساجد کے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا اور عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔