20 اگست کو جینتی، سونیا، راہول یا پرینکا گاندھی کو مدعو کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) حکومت نے 20 اگست کو سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جینتی کے موقع پر تلنگانہ سکریٹریٹ کے روبرو راجیو گاندھی مجسمہ نصب کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مجسمہ کی تنصیب اور اطراف کے علاقے میں گرینری سے متعلق عہدیداروں کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بی آر ایس حکومت نے سکریٹریٹ کے روبرو تلنگانہ تلی کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اقتدار سے محرومی کے سبب یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکا۔ کانگریس حکومت اسی مقام پر آنجہانی راجیو گاندھی کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد راجیو گاندھی کی جینتی تقاریب پہلی مرتبہ منعقد کی جارہی ہیں اور سرکاری سطح پر اسے شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجسمہ کی نقاب کشائی کے لئے سونیا گاندھی، راہول گاندھی یا پرینکا گاندھی کو مدعو کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سال 7 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں حکومت کی حلف برداری تقریب میں گاندھی خاندان کی تینوں اہم شخصیتوں نے شرکت کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے 14 اگست کو بیرونی دورہ سے حیدرآباد واپسی کے بعد نئی دہلی پہنچ کر سونیا گاندھی، راہول گاندھی یا پرینکا گاندھی کو مدعو کریں گے۔ دونوں میں کسی ایک قائد کے آمد کی صورت میں پرچم کشائی کے بعد ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں قومی قائدین کے ذریعہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کا اعلان کیا جائے گا۔ 1