حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے سکریٹری ڈائرکٹر کے تقرر کا معاملہ ہائی کورٹ پہنچ چکا ہے۔ تقرر میں قواعد کی خلاف ورزی پر عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی گئی۔ جسٹس ابھینند کمار شیوالی نے آج درخواست کی سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔ تلنگانہ اردو جرنلسٹ یونین سنگاریڈی کے صدر محمد کریم الدین نے سکریٹری ڈائرکٹر کی حیثیت سے محمد غوث اسسٹنٹ پروفیسر گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمنس رنگاریڈی کے تقرر کے خلاف درخواست داخل کی۔ انہوں نے درخواست میں پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود، پرنسپل سکریٹری سماجی بھلائی، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی اور محمد غوث کو فریق بنایا ہے۔ حکومت کی جانب سے گورنمنٹ پلیڈر سوشل ویلفیر نے جواب داخل کرنے کے لیے عدالت سے مہلت مانگی۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ابواکرم ایڈوکیٹ نے پیروی کی۔ فریقین کی سماعت کے بعد جسٹس ابھینند کمار شیوالی نے تقرر کے سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کرنے کے لیے نوٹسیں جاری کرنے کی ہدایت دی۔ محمد غوث کو بھی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ درخواست گزاروں نے استدلال پیش کیا کہ سکریٹری ڈائرکٹر کے عہدے کے لیے ڈپٹی سکریٹری رینک کا عہدیدار ہونا چاہئیے۔ حکومت نے ڈپٹی سکریٹری سے کم رتبے کے فرد کو سکریٹری ڈائرکٹر مقرر کیا ہے جو غیر اردو داں ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے 28 ڈسمبر کو محمد غوث کے ڈپیوٹیشن پر ایک سال کے لیے تقرر کے احکامات جاری کئے تھے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت تعطیلات کے بعد ہوگی۔