سکندرآباد ، ملکاجگیری اور چیوڑلہ پارلیمانی حلقوں کے امیدوار مایوس

   

حیدرآباد میں ٹی آر ایس کے جلسہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی عدم شرکت ، سیاسی قائدین غائب ، شرکاء جلسہ کی واپسی تکلیف دہ
حیدرآباد۔29 مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میںتلنگانہ راشٹر سمیتی کا انتخابی جلسہ عام ناکام ہوگیا کیونکہ لمحۂ آخر میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس جلسہ میں شرکت نہیں کی جس کے سبب تین حلقہ پارلیمان سکندرآباد‘ ملکا جگری اور چیوڑلہ کے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوارو ںمیں مایوسی کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔4 بجے شام سے 8بجے تک انتخابی جلسہ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی شرکت کیلئے لال بہاد ر اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے لیکن لمحۂ آخر میں اس بات کی توثیق کردی گئی کہ چیف منسٹر جلسہ عام میں شرکت نہیں کریں گے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مریال گوڑہ جلسہ سے تاخیر سے واپسی کے سبب انہوں نے لا ل بہادر اسٹیڈیم کے جلسہ میں شرکت سے منع کردیا ۔ شہر حیدرآباد میں ہونے والے اس انتخابی جلسہ عام میں ریاستی وزراء مسٹر ٹی سرینواس یادو‘ جناب محمد محمود علی کے علاوہ جناب محمد فرید الدین‘ مسٹر این نرسمہا ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ چلچلاتی دھوپ کے باوجود جلسہ میں شرکت کرنے والے عوام کو اس وقت شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب جلسہ میں چیف منسٹر کی عدم شرکت کے فیصلہ کی اطلاع کے ساتھ ہی بیشتر علاقوں سے جلسہ گاہ تک گاڑیوں میں عوام کو لیکر پہنچنے والے سیاسی کارکن غائب ہوگئے اور انہیں واپسی کا انتظام تک نہیں کیا گیا جس کے سبب جلسہ گاہ سے واپس ہونے والوں میں شدید ناراضگی دیکھی گئی ۔ شہر میں پہلے انتخابی جلسہ میں چیف منسٹر کی شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے لیکن سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اور کسی اہم قائد کی عدم شرکت کے سبب تینوں حلقوں کے امیدواروں میں مایوسی پیدا ہوچکی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لال بہادر اسٹیڈیم کے جلسہ میں عوام کی تعداد توقع سے کم ہونے کی اطلاع پرچیف منسٹر کا پروگرام منسوخ کیا گیا ہے جبکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کا کہناہے کہ مریال گوڑہ سے واپسی میں تاخیر کے سبب چیف منسٹر نے جلسہ میں شرکت نہیں کی ہے اور بہت جلد شہر حیدرآباد میں جلسہ کے انعقاد کے سلسلہ میں وقت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔