مہلوکین وسیم ‘ ظہیر اور جنید بہار کے متوطن تھے ۔ آگ سے متاثرہ عمارت کو منہدم کرنے پر حکام کا غور
حیدرآباد۔/20 جنوری، ( سیاست نیوز) سکندرآباد علاقہ میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جو حادثہ کے وقت عمارت کی پہلی منزل پر موجود تھے۔ آگ کے شدت اختیار کرنے کے سبب ان افراد کا عمارت سے باہر نکلنا ناممکن ہوگیا تھا۔ آج دوسرے دن بھی دکن مال اپارٹمنٹ میں راحت کاری کام جاری رہے۔ عمارت کی حالت کو دیکھتے ہوئے کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور ڈرون کے ذریعہ ساری عمارت کی تلاشی لی گئی ۔ پڑوس میں واقع عمارت کو کل ہی خالی کروادیا گیا تھا اس کے مکینوں کو آج اپنے مکانات جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تین ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے اور ان کی شناخت وسیم، ظہیر اور جنید کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جن کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا ہے۔ آج پولیس نے اس عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور بلدیہ کے علاوہ دیگر محکموں سے وابستہ عہدیداران کے ساتھ عمارت کا معائنہ کیا۔ پولیس ورنگل این آئی آئی ٹی کے ماہر ڈائرکٹر رمنا راؤ کی خدمات حاصل کرکے عمارت کے متعلق دریافت کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہرین کی رپورٹ کے مطابق عمارت کسی بھی وقت ملبہ کی شکل اختیار کرسکتی ہے جس کے منہدم ہونے سے پڑوسیوں کو جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے۔ حکام اس عمارت کو منہدم کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں اور پڑوسیوں کا تخلیہ کروادیا گیا اور تمام تر احتیاطی اقدامات انجام دیتے ہوئے چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔ ڈی سی پی سنٹرل زون مسٹر راجیش چندرا نے بتایا کہ عمارت میں آگ سیلار سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے 6 منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کل راحت کاری انجام دینے والے عملے کی حالت نازک ہے جن کا خصوصی ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔ جس وقت آگ لگی سیلار میں 7 افراد موجود تھے جن میں تین مزدوروں کو عمارت کی پہلی منزل پر واقع اسپورٹس گودام میں بھیجا گیا لیکن اس وقت تک عمارت میں آگ لگنے اور دھوئیں کی بو آرہی تھی۔ آگ کے خوفناک رُخ اختیار کرنے کے بعد 4 افراد کو بچالیا گیا لیکن اسپورٹس گودام میں موجود افراد کو بچانا ممکن نہیں ہوا۔ تین نعشوں کو حاصل کرنے کی اطلاع ہے لیکن ان کے ٹسٹ کے بعد ہی ان کی شناخت ہوسکتی ہے۔ این آئی آئی ٹی کے ماہر نے مشورہ دیا کہ اتنے وقت تک آگ کی لپیٹ میں موجود عمارت کسی بھی وقت منہدم ہوسکتی ہے اور اس کو زمین بوس کرنا ہی بہتر ہوسکتا ہے۔ پولیس نے دکن مال کے اونر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔راحت کاری کے اقدامات جاری ہیں۔ع