سکندرآباد میں ایک شخص پر حملہ ،زیورات کو لوٹ لیا گیا

   

حیدرآباد /7 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سکندرآباد کے علاقہ میں ایک شخص پر حملہ کرتے ہوئے زیورات چھین لے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پاون نامی شخص پر پہلے مرچ پاوڈر چھڑکا گیا اور بعد میں اس پر حملہ کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے سونے کے زیورات کو چھین لیا گیا ۔ پاون پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ رات سکندرآباد علاقہ میں واقع سٹی لائیٹ ہوٹل کے قریب سے گذر رہا تھا ۔ مرچ پاؤڈر چھڑکنے کے بعد پاون پر خنجر سے حملہ کیا گیا اور اس کے قبضہ میں موجود 14 تولہ طلائی زیورات کو لوٹ لیا گیا ۔ زیورات لوٹنے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے ۔ پاون حمایت نگر میں واقع ایک زیورات کی دوکان سے زیورات لیکر سکندرآباد روانہ ہوا تھا ۔ زخمی کو علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ حملہ آور کافی دیر سے پاون پر نظر رکھے ہوئے تھے اور اس کا تعاقب کر رہے تھے ۔ ع
ایس آر نگر میں نئی دلہن کی مشتبہ موت
حیدرآباد /7 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ایس آر نگر کے علاقہ میں ایک نئی دلہن کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 26 سالہ ورشا آج اس کے مکان میں مردہ پائی گئی ۔ جس کی موت پر خودکشی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے تاہم اس کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ ورشا ایس آر نگر علاقہ کے ساکن انیل سولنکی کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی گذشتہ ماہ نومبر میں ہوئی تھی اور شادی ہوئے ایک ماہ کا عرصہ بھی نہیں گذرا ورشا کے شوہر سولنکی نے ورشا کے ماما کو اس بات کی اطلاع دی پولیس ایس آر نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع