سکندرآباد میں تبدیلی کی لہر، گلابی پرچم لہرایا جائے گا : پدما راؤ گوڑ

   

کشن ریڈی ناکام مرکزی وزیر، ناگیندر پلٹو رام، حلقہ اسمبلی صنعت نگر میں انتخابی مہم
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پدما راؤ گوڑ نے کہاکہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور متبادل کے طور پر بی آر ایس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں گریٹر حیدرآباد کی ترقی ناقابل فراموش ہے، اگر انھیں کامیاب بنایا گیا تو وہ سکندرآباد کی آواز بن کر پارلیمنٹ میں گونجیں گے۔ حلقہ اسمبلی صنعت نگر میں بی آر ایس کے مقامی رکن اسمبلی بی سرینواس یادو اور پارٹی کے دوسرے قائدین کے ساتھ مل کر رام گوپال پیٹ، نلہ گٹہ، گچی باؤلی کے علاوہ دوسرے علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پدما راؤ گوڑ نے کہاکہ کانگریس اور بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں، دونوں جماعتوں کو عوام نے آزمایا ہے۔ دونوں جماعتیں عوامی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پر گزشتہ 10 سال سے بی جے پی کا قبضہ ہے۔ مودی وزیراعظم ہونے اور جی کشن ریڈی مرکزی وزارت میں رہنے کے باوجود حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی ترقی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے حتیٰ کہ دو فلائی اوورس کی تعمیرات طویل عرصہ سے زیرالتواء ہے۔ تعمیرات میں تیزی پیدا نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ 2 فلائی اوورس کی تعمیر میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ناکام ہیں جبکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کے ٹی آر کی قیادت میں گریٹر حیدرآباد میں 36 فلائی اوورس تعمیر کئے گئے۔ عالمی طرز کا انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا۔ برقی اور پینے کے پانی کے مسائل کو جنگی خطوط پر حل کرتے ہوئے جہاں عوام کو معیاری برقی سربراہ کی گئی وہیں پینے کے پانی کی قلت کا خاتمہ کرتے ہوئے گھر گھر نلوں کے ذریعہ پینے کا صاف و شفاف پانی سربراہ کیا گیا ہے۔ بڑے پیمانے پر غریب عوام میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے گئے۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کا وعدہ کیا۔ ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔ ڈی ناگیندر پلٹو رام ہیں وہ کبھی بھی پلٹی مار سکتے ہیں، ان پر بھروسہ کیا گیا تو نقصان عوام ہی کا ہوگا لہذا حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے انھیں (پدما راؤ گوڑ) کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔ 2