حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد کنٹونمنٹ کے بیشتر علاقوں میں پہلے ہی آبی بحران کی وجہ سے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں اب موٹر کے خراب ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں جمعہ کے دن آبی سربراہی مسدود رہی ہے ۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ میں 8 پمپ ہاوز ہیں جو کہ 4 لاکھ عوام کو روزانہ 65 لاکھ گیالین پانی سربراہ کرتے ہیں ۔ لیکن بالم رائی کا پمپ ہاوز خراب ہونے کی وجہ سے آبی سربراہی مسدود ہوگئی ہے ۔ پیراڈائز سرکل کے پاس موجود یہ پمپ ہاوز جو کہ 6 لاکھ گیالین پانی سربراہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو کہ کنٹونمنٹ میں موجود آبادی کا ایک تہائی حصہ کو پانی سربراہ کرتا ہے ۔ اس پمپ ہاوز کی مرمت کے لیے 15 فروری کی صبح 6 بجے تا 16 فروری کی صبح 6 بجے تک اس پمپ سے آبی سربراہی روک دی گئی ہے ۔ جس کی وجہ سے جمعہ کو ایرہ گڈہ ، یلاریڈی گوڑہ ، وینگل راؤ نگر ، یوسف گوڑہ ، امیر پیٹ ، ایس آر نگر ، سوماجی گوڑہ ، وینکٹا گیری ، جوبلی ہلز ، بورا بنڈہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں آبی سربراہی مسدود رہی جب کہ ہفتے کو بھی چند علاقوں میں پانی کی سربراہی متاثر ہونے کے خدشات ہیں ۔ سکندرآباد کے عوام جو کہ پہلے ہی آبی بحران کی وجہ سے 4 دن میں ایک مرتبہ پانی کی سربراہی سے بدظن ہیں ۔۔