شملہ۔ 24 مئی (یو این آئی) ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے ہفتہ کو کوہ پیما چھونجن انگمو کو ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر فتح کا جھنڈا لہرانے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سکھو نے کہا کہ کنور ضلع کے چانگو گاؤں کے رہنے والے چھونجن انگمو جی نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر فتح کا جھنڈا لہرا کر ہماچل پردیش کا نام پورے ملک اور پوری دنیا میں روشن کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم چھونجن انگمو جی نے اپنی بے پناہ ہمت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ دنیا کو دکھایا ہے کہ کوشش کرنے والے کبھی نہیں ہارتے ۔ ان کی کامیابی نوجوانوں کو اپنے فرض کی راہ پر ثابت قدم رہنے کی ترغیب دے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس ناقابل فراموش کامیابی پر چھونجن انگمو اور ان کے اہل خانہ کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔