سکھیندر ریڈی نے قانون ساز کونسل کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھالی

,

   

متفقہ انتخاب کے بعد ایوان میں وزراء اور ساتھی ارکان کی مبارکباد ، مسلسل دوسری مرتبہ عہدہ پر فائز ہونے کا اعزاز
حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کے صدرنشین کی حیثیت سے جی سکھیندر ریڈی نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ سکھیندر ریڈی کو مسلسل دوسری مرتبہ صدرنشین کے عہدہ پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ عہدہ کیلئے صرف ایک پرچہ نامزدگی داخل ہوا جس کے نتیجہ میں سکھیندر ریڈی کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ لیجسلیچر سکریٹریٹ نے ان کے انتخاب کا اعلان کیا جس کے بعد کونسل میں انہیں صدرنشین کی نشست تک پہنچایا گیا ۔ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، پرشانت ریڈی ، سرینواس گوڑ ، سرینواس یادو ، محمد محمود علی ، کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی اور دیگر ارکان نے انہیں نشست تک پہنچایا اور مبارکباد پیش کی۔ کرسیٔ صدارت پر موجود کارگزار صدرنشین امین الحسن جعفری نے انہیں صدرنشین کی نشست حوالے کی اور مبارکباد پیش کی۔ ریاستی وزراء ہریش راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ ، جگدیش ریڈی ، اندرا کرن ریڈی ، ملا ریڈی ، ارکان کونسل کے کویتا ، پی راجیشور ریڈی ، جیون ریڈی ، فاروق حسین اور دیگر ارکان نے سکھیندر ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایوان کے وقار میں مزید اضافہ کرنے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ 11 ستمبر 2019 ء کو پہلی مرتبہ سکھیندر ریڈی صدرنشین کے عہدہ پر فائز ہوئے ۔ جون 2021 ء تک وہ اس عہدہ پر فائز رہے۔ ان کی میعاد کی تکمیل کے بعد بھوپال ریڈی کو عبوری صدرنشین مقرر کیا گیا ۔ بھوپال ریڈی کی میعاد ختم ہونے کے بعد جنوری میں امین الحسن جعفری کو عبوری صدرنشین مقرر کیا گیا ۔ گزشتہ سال کونسل کے انتخابات میں ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت سکھیندر ریڈی کو کونسل کا رکن منتخب کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں دوسری مرتبہ کونسل کی ذمہ داری دی ہے۔ سکھیندر ریڈی کا تعلق نلگنڈہ ضلع سے ہے اور انہوں نے کمیونسٹ پارٹی سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے ڈگری کی تکمیل کے بعد انہوں نے مختلف عوامی تحریکات میں حصہ لیا ۔ وہ تلگو دیشم پارٹی کے ٹکٹ پر 2004 اور کانگریس کے ٹکٹ پر 2009 ء میں نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے منتخب ہوئے ۔ 2014 ء عام انتخابات میں کامیابی کے بعد 15 جون 2016 ء کو ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ر