سکھ برادری سے اکال تخت کی قیادت میں متحد ہونے کی اپیل

   

امرتسر: شری دربار صاحب پر 1984 کی فوجی کارروائی ‘آپریشن بلیو اسٹار’ کی مناسبت سے منگل کے روز شری اکال تخت صاحب میں کیرتن کا اہتمام کیا گیا۔ شری اکال تخت کے جتھے دار گیانی ہرپریت سنگھ نے ایک پیغام کرکے سکھ برادری سے اکال تخت کی قیادت میں متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری اور مذہبی تنظیمیں اس وقت بری طرح تقسیم کا شکار ہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ انہیں شری اکال تخت کی قیادت میں اکٹھا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کے لیے ضروری ہے کہ سکھ تنظیموں اور اکالی پارٹیوں کو اپنے اختلافات کو دور کرنا ہوگا۔ جتھے دار نے اپنے خطاب میں بکھری ہوئی قوتوں کو متحد کرنے اور حکومتوں کے خلاف جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ جتھے دار نے کہا ہے کہ حکومتوں سے انصاف کی توقع نہیں کی جا سکتی ہے ۔ سکھوں کو سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط ہونے کے ناطے انصاف کی جدوجہد خود سے شروع کرنی ہوگی۔ اس موقع پر شیوسینکوں نے آپریشن بلیو اسٹار کے دوران ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے شہید ہونے والے سکیورٹی فورس کے جوانوں اور بے گناہ لوگوں کی روح کے سکون کے لیے ‘شہیدوں’ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پولس کی جانب سے سری ہریمندر صاحب کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی قسم کی گڑبڑی سے بچا جا سکے ۔ انتظامیہ کی طرف سے نیم فوجی دستوں کی چار کمپنیاں اور بڑی تعداد میں پولیس فورس پہلے ہی یہاں تعینات کر دی گئی ہے ۔ ایس جی پی سی نے 6 جون کو تمام افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ یوتھ فیڈریشن کے کارکنوں نے سری ہریمندر صاحب کے احاطے میں قابل اعتراض نعرے لگائے ۔ شرومنی اکالی دل (امرتسر) کے صدر سمرن جیت سنگھ مان بھی شری اکال تخت صاحب پہنچے ۔