ٹورنٹو: امریکہ میں سکھ قائد کے قتل کی منصوبہ بندی سامنے آنے کے بعد کینیڈا نے ہندوستان پر زور دیا ہیکہ وہ برٹش کولمبیا میں سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کرے۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ کے محکمہ انصاف کی جانب سے چہارشنبہ کو کہا گیا تھا کہ ہندوستانکے ایک 52 سالہ شہری پر امریکہ میں ایک علیحدگی پسند سکھ قائد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے اور اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔امریکہ میں سکھ رہنما کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام کینیڈا میں سکھ قائد کے قتل کے دو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔کینیڈا کی جانب سے ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے بعد ہندوستان پر ’معتبر الزامات‘ لگائے گئے تھے اور کہا گیا تھا کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ انڈین ایجنٹس اس میں ملوث ہیں۔دوسری جانب سے ہندوستان نے الزامات کو مسترد کیا تھا جبکہ تب سے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں سخت تناؤ دیکھنے میں آیا تھا اور ایک دوسرے کے سفارت کار بھی واپس بھجوا دیے گئے تھے۔