نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی سے اُن کی رہائش گاہ7 لوک کلیان مار گ پر سکھوں کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ دہلی کے گورودوارہ شری بالا صاحب جی نے وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر ‘اکھنڈ پاٹھ’ کا اہتمام کیا تھا۔ 15 ستمبر کو شروع ہوا یہ ’اکھنڈ پاٹھ‘ 17ستمبر کو وزیراعظم کی سالگرہ کے دن اختتام کو پہنچا۔ سکھ وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں گردوارہ کا پرساد دیا اور مبارکباد پیش کی۔ میٹنگ کے دوران، سکھ وفد نے پگڑی باندھ کر اور سروپا پیش کرکے وزیراعظم کو اعزاز بخشا۔ وزیراعظم کی طویل العمری اور اچھی صحت کے لئے ارداس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ وفد نے سکھ برادری کے اعزاز اور فلا ح و بہبود کے لیے وزیر اعظم کے ذریعہ ڈگر سے ہٹ کر انجام دی گئیں خدمات کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم مودی کے ذریعہ انجام دی گئیں متعدد کوششوں کو یاد کیا جن میں 26 دسمبر کو ’’ویر بال دیوس‘‘ قرار دینا، کرتارپور صاحب گلیارے کو ازسر نو کھولنا، گردواروں کے زیراہتمام لنگروں سے جی ایس ٹی ہٹانا، گورو گرنتھ صاحب کے نسخوں کو افغانستان سے ہندوستان لانے کو یقینی بنانا، وغیرہ جیسی کوششیں شامل ہیں۔