نئی دہلی: ملک میں سودی نظام سے پاک بینکنگ نظام کی وکالت کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور اوکھلا حلقہ سے رکن اسمبلی اما نت اللہ خاں نے کہاکہ’سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی’ اسلامی بینکاری کی طرف ایک بہتر قدم ہے ۔ یہ بات انہوں نے سہیوگ کے آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ ملک اور خاص طور پر مسلم سماج میں اس طرح کی پہل کی سخت ضرورت ہے کیوں کہ جب تک سماج کے کمزور طبقہ کو اوپر نہیں اٹھایا جائے گا اس وقت تک حقیقی معنوں میں معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ سہیوگ نے سود سے پاک قرض فراہم کرکے سماج کے کمزور طبقوں کواوپر اٹھانے کا بہترین کام ا نجام دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کے چھوٹے موٹے کام کرنے والوں کو اگر سودی نظام اور مہاجنی نظام سے پاک قرض اگرفراہم کردیا جائے تو نہ صرف انہیں ترقی حاصل ہوگی بلکہ مالی استحصال کے چنگل سے بھی آزاد ہوجائیں گے ۔ امانت اللہ نے کہاکہ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی اسلامی بینکاری نظام کی طرف سے ایک بہتر قدم ہے اور ملک میں اس کی سخت ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جدید نظام اور معاشرے میں قانون کی بالادستی کے باوجود استحصالی مہاجنی نظام آج بھی قائم ہے اور چھوٹے موٹے کاروباری بہت ہی اونچی شرح سود پر قرض لیتے ہیں اور ان کی پوری زندگی صرف سود ادا کرنے میں گزر جاتی ہے اور وہ اصل رقم ادا نہیں کرپاتے ۔ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی اس نظام سے چھٹکارا دلانے کا بہترین ذریعہ ہے ۔