’’سیاحتی آبدوز ٹائٹن 2سال پہلے ہی خراب ہوچکی تھی ‘‘

   

واشنگٹن: ٹائٹنک کا ملبہ دکھانے والی سیاحتی آبدوز ٹائٹن میں سفر کرنے والے سیاح جاڈن پین نے انکشاف کیا کہ دو سال پہلے سفر کے دوران آبدوز خراب ہوئی تو اوشین گیٹ کمپنی کے سربراہ نے کہا سو جاؤ، کچھ نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ٹائٹینک کا ملبہ دکھانے والی ٹائٹن آبدوز کی تباہی کی تحقیقات جاری ہیں، اسے میں دو سال پہلے ٹائٹن آبدوز میں سفر کرنے والے سیاح جاڈن پین کا بیان سامنے آگیا۔جاڈن پین نے انکشاف کیا ہے کہ ٹائٹنک کا ملبہ دکھانے والی سیاحتی آبدوز پہلے بھی خراب ہوچکی ہے ، آبدوز خراب ہوئی تو اوشین گیٹ کمپنی کے سربراہ نے کہا سو جاؤ، کچھ نہیں ہوگا، ایسا سننے کے بعد ایسا لگا جیسے وہ مذاق کر رہے ہیں۔جارڈن پین نے بتایا کہ دو سال پہلے سفر شروع ہونے کے دو گھنٹے بعد ہی بیٹری خراب ہوگئی تھی جس کی وجہ چوبیس گھنٹے پھنسے رہے تھے ۔جاڈن کے مطابق ٹائٹن کے سی ای او اسٹاکٹن رش نے ٹائٹن کی بیٹری میں خرابی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ آبدوز کی بیٹری خراب ہونے کی وجہ سے ٹائٹن سطح سمندر پر واپس نہیں جا پارہی تھی، تاہم خوش قسمتی سے ہائیڈرولکس کی مدد سے وزن گرا کر ٹائٹن کو واپس سطح سمندر پر لایا گیا تھا۔یاد رہے 2021 میں بھی بدقسمت بحری جہاز ٹائی ٹینک کی باقیات کو دیکھنے کیلئے ٹائٹن آبدوز مسافروں کو لے کر گئی تھی، جس میں جاڈن پین خود بھی شامل تھے ۔واضح رہے گزشتہ ماہ ٹائٹن حادثے کا شکار ہوئی تھی، ماہرین کے مطابق آبدوز نما ٹائٹن کو سطح سمندر سے ساڑھے 12 ہزار فٹ نیچے حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹائٹن میں دھماکا ہوا۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹائٹن آبدوز 18 جون کو زیر آب دباؤ کے باعث دھماکے سے تباہ ہو گئی تھی، حادثے میں 2 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔