سیاحتی ویزے پر جانیوالوں کو بھی عمرہ کی اجازت

   

ریاض ۔ سعودی عرب نے سیاحتی ویزا رکھنے والوں کو بھی عمرے کی ادائیگی کی اجازت دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج نے سیاحتی ویزے پر ملک آنے والے افراد کو عمرے کی ادائیگی کی اجازت دینے کا اعلان کیا۔ میڈیا کے مطابق سیاحتی ویزے کے لیے درخواست دینے کے اہل 49 ممالک کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے جب کہ ای ویزا کے اہل افراد سعودی عرب آمد پر ائیرپورٹ سے ہی سیاحتی ویزا حاصل کرسکیں گے۔ سعودی وزارت حج نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اوریورپی ویزا رکھنے والے افراد بھی سعودی عرب کے دورے کے دوران عمرے کی ادائیگی کرسکیں گے جب کہ فیملی وزٹ ویزا رکھنے والے افراد بھی ایپلی کیشن کے ذریعے درخواست دے کر عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد سے حال ہی میں سعودی حکام نے خانہ کعبہ کے گرد لگے بیرئیرز کو ہٹادیا ہے جس کے بعد زائرین کو اب حجرِ اسود کو بوسہ دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ سعودی حکام نے یہ بیرئیرز کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں لگائے تھے۔