خطاطی کے اڈوانسڈ کورسیس کا بھی اہتمام کرنے جناب زاہد علی خاں کا اعلان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ادارہ سیاست اردو زبان کے فروغ اور ترقی میں نمایاں طور پر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ ادارہ کی جانب سے خوش نویسی کی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ پچھلے چند سالوں سے یہ سلسلہ مسدود ہوگیا تھا ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی شخصی دلچسپی کے باعث اس کا احیا کیا گیا ۔ گذشتہ جولائی تا اکٹوبر 2023 خوشنویسی کی تربیت کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا ۔ تربیت کے اختتام پر آج اسناد کی تقسیم جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ جناب زاہد علی خاں نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سرٹیفیکٹ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی ۔ جناب زاہد علی خاں نے اعلان کیا کہ ادارہ کی جانب سے خوشنویسی کے اڈوانس کورس کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے تربیت کنندگان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مشق جاری رکھیں جس سے ان کے فن میں مہارت پیدا ہوگی ۔ اس کورس میں تقریبا 35 امیدواروں نے تربیت حاصل کی جن میں اسکول کے طلبہ سے لے کر ریٹائرڈ افراد بھی شامل تھے خاص بات یہ تھی کہ اس کورس میں کم عمر نواسہ اور معمر نانا نے بھی شرکت کی ۔ تربیت کرنے والوں میں قابل لحاظ تعداد خواتین کی تھی جن میں ٹیچرس ، طالبات ، خانہ دار خواتین اور مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں ۔ حیدرآباد کے مایہ ناز خوش نویس و ماہر فن جناب غوث ارسلان نے بڑی محنت اور جانفشانی سے خط نستعلق کی تربیت دی ۔ ابتدا میں ادارہ سیاست کی جانب سے جناب عامر علی خاں کی ایما پر خوشنویسی سے متعلق کامیاب ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ خوش نویسی سیکھنے کے خواہش مندوں کی دلچسپی کے پیش نظر کورس کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ کورس کے کوآرڈینٹر جناب زاہد فاروقی تھے جنہوں نے تمام تر انتظامی امور کی نگرانی کی ۔ ادارہ سیاست اہل اردو کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے کورسیس منعقد کریگا ۔۔