سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے رسول پورہ میں ریلیف کٹس کی تقسیم

   

حیدرآباد۔ حیدرآباد میں ہوئی حالیہ شدید بارش اور سیلاب کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سیاست ملت فنڈ کی جانب سے فیض عام ٹرسٹ کے اشتراک سے پھر ایک مرتبہ سیلاب متاثرین کی مدد کی گئی ہے جس میں ان دونوں غیر سرکاری اداروں کی جانب سے چہارشنبہ کو رسول پورہ کے ضرورت مند لوگوں میں برتن، کپڑے اور راشن تقسیم کیا گیا۔ ان دونوں اداروں نے ان لوگوں کی مدد کے لئے مشترکہ سعی کی جو تقریباً 50دنوں تک پانی میں گھرے رہے اب مزید بارش کا امکان نہیں ہے اور شہر میں معمول کی زندگی بحال ہورہی ہے۔ بارش کا پانی ( کیچڑ اور کچرا جو گھروں میں داخل ہوگیا تھا ) بھی بارش سے شدید متاثرہ علاقوں جیسے الجبیل کالونی، ہاشم آباد، گگن پہاڑ، حافظ بابا نگر، عثمان نگر میں کم ہوگیا ہے۔