سیاست ۔ ہب اور تلنگانہ انوویشن سیل کے درمیان معاہدہ

   

ریاست کے پہلے کمیونٹی میڈیا انکیوبیشن پروگرام کا عنقریب آغاز
روزنامہ سیاست قیام سے ہی ملک و قوم کی خدمت میں مصروف ، جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست نے اپنے آغاز سے ہی ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی کا بیڑا اٹھایا اور اس سفر میں اسے ملک و ملت کی ترقی کا جو موقع اللہ تعالیٰ نے عطا کیا ہے اس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے ۔ اس ضمن میں بانی سیاست جناب عابد علی خاں مرحوم کی روشن کی ہوئی مشعل کو اب جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل بڑے جوش و خروش سے آگے بڑھا رہے ہیں ۔ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے اس بات کا پختہ ارادہ اور عزم کر رکھا ہے کہ وہ ایک لاکھ مسلم خاندانوں کو کروڑ پتی بنائیں گے ۔ ان کے اس عزم کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے ایم ایل سی کی حیثیت سے ملنے والی ساری تنخواہ ملت کی ترقی کے لیے دینے کا اعلان کیا اور پہلے مرحلہ میں انہوں نے 20 لاکھ روپئے کا چیک ملت فنڈ کے حوالے کیا ۔ وہ ملت کے بیروزگار اور تعلیم یافتہ لڑکے لڑکیوں کو مہارت سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں اور انہیں نہ صرف خود روزگار بلکہ سرکاری محکمہ جات اور ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمتیں دلاتے ہوئے با اختیار بنانا چاہتے ہیں اس ضمن میں سیاست ۔ ہب فاونڈیشن کا قیام ٹامکام اور TASK سے مفاہمت کرنا غیر معمولی اقدامات ہیں ۔ جناب عامر علی خاں کی قیادت میں سیاست ہیلپ فاونڈیشن نے کامیابی کی جانب ایک اور جست لگاتے ہوئے تلنگانہ انوویشن سیل (TGIC) کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمت یادداشت کیا ہے جس کا مقصد معاشی و تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات میں اختراعات اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے ۔ اس معاہدہ کا مقصد ریاست تلنگانہ کے پہلے کمیونٹی پر مبنی میڈیا انکیوبیشن پروگرام کا آغاز ہے ۔ جمعہ 30 مئی 2025 کو یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئی جس کا مقصد نوجوانوں میں اختراعی صلاحیتیں پیدا کرنا ان صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ، ساتھ ہی چھوٹے کاروباروں اور میڈیا اسٹارٹ ایپس کو ساختی انکیوبیشن ، کامیابیوں سے متعلق کہانیوں اور مہارت کی تعمیر ( مہارت پیدا کرنے ) جیسے اقدامات کے ذریعہ انہیں مضبوط و مستحکم اور با اختیار بنانا ہے ۔ جناب عامر علی خاں کے مطابق TGIC کے ساتھ معاہدہ کے مطابق سیاست ہب میں ہی میڈیا اسٹارٹ ایپس انکوبیٹر بننے والا ہے ۔ اس کے تحت ہمارے جو نوجوان لڑکے لڑکیاں چیانل وغیرہ کھولنا چاہتے ہیں ان کی شناخت کر کے تربیت دی جائے گی انہیں میڈیا کے اسرار و رموز سے واقف کروایا جائے گا ۔ سیاست ہب اور TGIC کے درمیان طئے پائے تعاون و اشتراک کا کلیدی پروگرام یہی میڈیا انکیوبیشن پروگرام ہے جسے سیاست ہب اور TGIC دونوں نے مل کر ڈیزائن کیا جس کے تحت ان اسٹارٹ ایپس کی مدد کی جائے گی جو میڈیا ، تحقیقاتی صحافت ، صحافتی مواد کی تیاری اور حقائق پر مبنی آلات کے مجموعہ پر کام کرتے ہیں ۔ سیاست ہب اور TGIC میڈیا انکیوبیشن کے ساتھ ساتھ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اور متوسط کاروباروں کی شناخت کرتے ہوئے ان کی مدد کریں گے ۔ اس کے علاوہ کاروباری ترقی کو یقینی بنانے اور اختراعی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے اختراعی ورکشاپس منعقد کئے جائیں گے ۔ مزید یہ کہ میڈیا پلیٹ فارمس اور نٹ ورکس کے ذریعہ بنیادی سطح کے اختراعی اقدامات کی ترویج کی جائے گی ۔ تقریب یادداشت مفاہمت کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے جو سیاست ہب کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر بھی ہیں 15 اگست 1949 کو اپنے قیام سے سیاست کی قومی و ملی خدمات کے طویل سفر پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ سیاست ایک اخبار سے ہمہ پلیٹ فارمس پر مبنی ادارہ میں تبدیل ہوگیا اور جو ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی ، نوجوانوں میں اختراعی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ملی خدمات کے لیے پابند عہد ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم تلنگانہ میں پہلے میڈیا اور صحافت کا پہلا انکیوبیشن لارہے ہیں ۔ جناب معراج فہیم سی ای او ٹی جی آئی سی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میڈیا انکیوبیشن پروگرام ہمارے مشمولیاتی اختراع کا عکاس ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ ہمیں اس معاملہ میں سیاست جیسے صحافت کے معتبر ادارہ کا اشتراک و تعاون حاصل ہے ۔ اس موقع پر سیاست ہب کے ڈائرکٹر جناب زاہد فاروقی ، منیجرس این اسنھیت ، سائی شری اور TGIC کے عہدہ دار بھی موجود تھے ۔۔