سدی پیٹ کی عوام میں مایوسی اور بے چینی کی کیفیت، ٹی ہریش راؤ کو کابینہ میں شامل کرنے کے مطالبے
سدی پیٹ۔/20 فروری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عزم مصمم بلند حوصلہ رکھنے والی شخصیتوں کو ہمیشہ کامیابی ملتی ہے ایسی ہی شخصیتوں میں ایک نام سابق وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کا بھی سرفہرست ہے چونکہ ہریش راؤ کی زندگی مسلسل جدوجہد سے پُر رہی ہے۔ ہریش راؤ تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں اپنی شخصیت کو ہر طرح سے منوانے میں کامیاب رہے ہیں۔ وہ اپنے ماموں بانی ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دست راست سمجھے جاتے ہیں۔ سیاسی میدان میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مسٹر ہریش راؤ نے بے انتہا جدوجہد کی ہے۔ رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھی انہوں نے سدی پیٹ کو ترقی دینے میں اپنا گرانقدر رول ادا کیا ہے۔ سدی پیٹ کی ہمہ جہتی ترقی میں بھی انہوں نے اپنے سیاسی آقا مسٹر کے چندر شیکھر راو کے ساتھ شانہ بہ شانہ کام کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کا بہترین ثبوت دیتے ہوئے ہریش راؤ کے سی آر کی طرح ہر طبقہ کی عوام کو دوست رکھتے ہیں ان کے دکھ درد میں حصہ لیتے ہیں۔ ان کے حالات سماعت کرتے ہیں اپنی حکمت عملی کے ذریعہ ان کے مسائل کی یکسوئی کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔’’یقینا ٹی ہریش راؤ سدی پیٹ کے اُفق پر ایک درخشاں ستارہ کی مانند چمک رہے ہیں۔‘‘ سدی پیٹ کی عوام اپنے ہردلعزیز قائد ہریش راؤ کی کارکردگی سے بہتر طور پر واقف ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمیشہ عوام نے ان کا ساتھ دے کر ہر انتخاب میں ریکارڈ تور اکثریت کے ساتھ کامیاب بنایا ہے۔2019 میں ریاست بھر میں سب سے زیادہ اکثریت سے ووٹ حاصل کرنے کے باوجود پتہ نہیں کیوں کے سی آر نے انہیں اپنی کابینہ میں جگہ نہیں دی۔ سدی پیٹ کی عوام میں کافی مایوسی دیکھی جارہی ہیا اور مختلف افواہیں گشت کررہی ہیں ممکن ہے کہ کابینہ میں یقینی طور پر جگہ دی جائے گی۔ حالانکہ حلف برداری کی تقریب میں ہریش راؤ گیلری میں موجود تھے ، کابینہ میں عدم شمولیت پر ہریش راؤ نے صرف اتنا بتایا کہ وہ پارٹی کیلئے ایک سپاہی کی طرح کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کسی قسم کی بے چینی ظاہر نہیں کی۔ کابینہ کی حلف برداری کے بعد سدی پیٹ کی مختلف تنظیموں کے عہدیدار شفیق الرحمن، نیر پٹیل، محمد عبدالوحید، محمد وزیر و دیگر نے اپنے علحدہ بیانات میں ہریش راؤ کو کابینہ میں شامل کرنے کی کے سی آر سے درخواست کی ہے۔