سیاسی جماعتوں کو ارکان پارلیمنٹ کیلئے ضابطہ اخلاق وضع کرنا ضروری

   

پٹنہ: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے منگل کو کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اراکین پارلیمنٹ کے لیے ایک ضابطہ اخلاق بنانا چاہیے تاکہ قانون ساز اداروں کا وقار برقرار رہے۔ برلا نے یہاں منعقدہ 85ویں آل انڈیا پریذائیڈنگ آفیسرز کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دو روزہ غور و خوض کے بعد پریزائیڈنگ افسران نے قانون ساز اداروں کو بحث و مباحثہ کا مرکز بنانے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قانون ساز اداروں کے وقار کو برقرار رکھنے میں تعاون کرنا چاہیے۔ یہ تبھی ممکن ہو گا جب سیاسی جماعتوں کے پاس اپنے اراکین پارلیمنٹ کے لیے ضابطہ اخلاق ہو۔ برلا کے تبصرے کئی قانون ساز اداروں میں بار بار رکاوٹوں کے پس منظر میں آتے ہیں۔ لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران نے تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے قانون ساز اداروں کے کام کاج میں زیادہ کارکردگی لانے کا عزم بھی کیا ہے۔